اس موقع پر پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین، پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر کوثر مظہری اور پروفیسر خالد جاوید نے اپنے تعزیتی کلمات میں انتہائی رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ' نہ جانے یہ وبا ہم سے کیسے کیسے گوہرِ بے بہا چھینے گی۔ ان تمام شخصیات نے شاعری، فکشن، صحافت اور تحقیق و تنقید میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ یہ ادبا و شعرا شخصی اور اخلاقی طور پر بھی ہمیں بہت دنوں تک یاد آئیں گے۔'
واضح رہے کہ شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے عظیم آباد پٹنہ میں مقیم بزرگ و ممتاز شاعر سلطان اختر، عہد حاضر کے معروف فکشن نگار اور صحافی انجم عثمانی، دور حاضر کے ممتاز ناول نگار اور بے باک صحافی مشرف عالم ذوقی، مختلف کتابوں کے مصنف پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی اور اردو میں تاریخی، سائنسی اور تہذیبی مسائل پر قابل تحسین کتابوں کے مصنف سید نورالہدیٰ کے سانحہ ارتحال پر تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا ہے۔
تعزیتی جلسے میں پروفیسر عبد الرشید، پروفیسر ندیم احمد، ڈاکٹر سرورالہدیٰ، ڈاکٹر شاہ عالم، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر عادل حیات، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر ثاقب عمران اور ڈاکٹر ساجد ذکی فہمی نے بھی مرحومین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔