اترپردیش کی نوئیڈا پولیس نے نوئیڈا کے سیکٹر 20 تھانے میں 600 کسانوں کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر مہیش شرما کے گھر کا گھیراؤ کرنے اور مرکزی سڑک پر ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔
اس معاملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس رن وجے سنگھ نے کہا کہ کسان کئی دنوں سے نوئیڈا اتھارٹی کے خلاف احتجاج کررہے تھے، لیکن منگل کو کسانوں نے سیکٹر 15-A میں رکن پارلیمنٹ مہیش شرما کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ایم پی کی رہائش گاہ سے کچھ ہی فاصلے پر پولیس نے کسانوں کو روک دیا، جس کے بعد کسان سڑک پر بیٹھ گئے، جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک میں خلل کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پولیس نے بھارتیہ کسان پریشد کے صدر سکھبیر خلیفہ سمیت تقریباً 600 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ بھارتیہ کسان پریشد کے صدر سکھبیر خلیفہ نے بتایا کہ مختلف مطالبات کے لیے بڑھے ہوئے نرخ پر معاوضہ اور ڈیولپڈ پلاٹ دینے سمیت 81 گاؤں کے کسان 63 دنوں سے نوئیڈا اتھارٹی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں لیکن اتھارٹی نہ تو ان کے مطالبات کو پورا کررہی ہے اور نہ ہی ان سے کوئی مثبت بات چیت ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بی جے پی نے آپسی بھائی چارے میں زہر گھولنے کا کام کیا: سچن پائلٹ
- تریپورہ بھون کے باہر وکلاء سمیت متعدد تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ
- اسٹین فورڈ یونیورسٹی: سرکردہ سائنس دانوں کی عالمی فہرست میں جامعہ کے 16 محققین شامل
انہوں نے کہا کہ جب تک کسانوں کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ خلیفہ نے بیان دیا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو جلد دیگر عوامی نمائندوں کے گھروں کا بھی گھیراؤ کیا جائے گا۔