ریاست ہریانہ کا ضلع میوات تعلیمی اعتبار سے پسماندہ مانا جاتا ہے، لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ' یہاں کے طلبہ نے بھی نیٹ کے امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ نوح ضلع کے رہنے والے وسیم بن ایوب نے 720 میں سے 659 نمبرات حاصل کر نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے وسیم ایوب نے بتایا کہ' پڑھائی کا پریشر کافی زیادہ تھا۔ امتحان کی تاریخ آگے بڑھ رہی تھی۔ جس سے تیاری میں بار بارخلل پڑ رہا تھا۔ والدین کے تعاون سے کامیابی ملی اب ڈاکٹر بن کر میوات کی خدمت کرنے کا خواب ہے۔
وہیں ایک دوسرے طالب علم فرحان نے بتایا کہ' کافی محنت کے بعد انہیں یہ کامیابی ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ شاید نمبر نہ آ سکے۔لیکن محنت جاری رکھی اور والدین، دوست احباب اور اساتذہ کے تعاون اور دعاؤں سے بالآخر کامیابی ملی۔
میوات بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین روپڑیا نے ان طلبہ کو اعزاز سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ' میوات کے طلبہ اب تیزی سے 'شعبہ طب' میں آگے بڑھ رہے ہیں جو علاقے کے لئے خوش آئند ہے۔
غور طلب ہے کہ میوات میں درجن بھر طلباء نے نیٹ میں کامیابی حاصل کی۔ جن میں وسیم ایوب 659، یاسر خان 638، نعیم 627، افضل 625، افروز 625، ریحان 621، اظہرالدین 621، صدف 620، شعیب اسرائیل 619، محمد جامن 615، فرمان 611، انور علی 608،سوزین 598، سچن کمار 590، افتیار 590 نے نمایاں نمبرات کے ساتھ نیٹ کوالیفائی کیا ہے۔
مزید پڑھیں:
دہلی ایجوکیشن بورڈ کے نئے نصاب سے بچوں کی پائیدار ترقی
میوات میں ان طلبہ کی کامیابی سے لوگ کافی خوش ہیں جگہ جگہ مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں اور آئندہ نیٹ میں شامل ہونے والے طلبہ کی ہمت افزائی بھی کر رہے ہیں۔