کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیوں کے ساتھ کئی دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں نے شہریت ترمیم ایکٹ 2019 (سی اے اے) کے خلاف جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جاری تشدد کے لیے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ذمہ دار قرار دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے مل کر انھیں صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
اس تعلق سے غلام نبی آزاد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے منظور کرائے گیے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پر امن مظاہرہ کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا و طالبات کے ساتھ دہلی پولیس نے جو طریقہ اختیار کیا، وہ غلط ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ویڈیوز ہم نے دیکھیں جس سے یہ صاف پتہ چل رہا ہے کہ دلی پولیس نےلائبریری میں، واش روم میں گھس کر طلبا کی پٹائی کی ہے۔
غلام نبی آزاد نے کہا کہ یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات گر احتجاج اور مظاہرے نہیں کریں گے تو اور کون کریگا۔
راجیہ سبھا میں اپوزیشن رہنما اور کانگریس کے سینیئر رہنما غلام نبی آزاد، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ (سی پی آئی ایم) کے رہنما سیتا رام یچوری، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے رہنما ڈی راجہ، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما پروفیسرمنوج جھا، سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے رہنما جاوید علی خان، لوک تانترک جنتا دل (ایل جے پی) کے رہنما شرد یادو اور کانگریس کے رہنما کپِل سبل نے مشترکہ طور پر پریس کانفرس کی۔
مزید پڑھیں: 'پولیس کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے'
انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی جذبات کے خلاف کام کر رہی ہےلہٰذا پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیاں مودی حکومت سے اس کالے قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔