دہلی کی کڑکڑڈوما کورٹ نے گزشتہ سال ماہ فروری میں دہلی فسادات کے دوران کھجوری علاقہ کی ایک مسجد فاطمہ کو نقصان پہنچانے کے معاملے میں باپ بیٹے کے خلاف الزامات طے کردیے ہیں۔ دونوں کے خلاف مسجد کو نقصان پہنچانے،آگ لگانے، توڑ پھوڑ کرنے اور پتھراؤ کرنے کا الزام ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج وریندر بھٹ نے کہا کہ باپ متھن سنگھ اور اس کے بیٹے جانی کمار کے خلاف آتشزدگی اور فسادات کرنے کے الزام میں مقدمہ چلانے کے لیے ضروری ثبوت ہیں۔جج نے کہا کہ گواہوں کے بیانات درج کرنے میں تاخیر جان کر نہیں کی گئی تھی۔
فسادات کے دوران علاقہ کی جو صورتحال ہوئی تھی وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔فسادات کے بعد بھی کئی دنوں تک علاقہ میں خوف کا ماحول تھا۔ ایسے میں ایک ہفتے بعد گواہوں کے بیانات درج کرنے سے متعلق پولیس کی دلیل قابل اطمینان ہے۔
عدالت نے کہا کہ شکایت گزار کے بیان سے واضح ہے کہ باپ بیٹے نے بھیڑکے ساتھ ایک خاص کمیونٹی کے گھروں پر کیمیکل بوتلیں پھینکی تھیں۔
اسپیشل پبلک پروسیکوٹر نے عدالت کو بتایا تھا عینی شاہد محمد طیب،محبوب عالم،شاداب اور محمد اکرم نے بھی بھیڑ میں شامل دو ملزمین کو فاطمہ مسجد کے ساتھ ساتھ ان کے گھروں کو نقصان پہنچانے اور آگ لگاتے دیکھا تھا۔
مزید پڑھیں:دہلی فساد: نتاشہ نروال کی درخواست ضمانت پر سماعت آج
شکایت گزار اسرافیل کے مطابق دونوں اس پر تشدد بھیڑ کا حصہ تھے جس نے 25 فروری 2020 کو ان کے گھر کے پاس ’جے شری رام ‘ کے نعرے لگائے اور آگ لگادی تھی۔