ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں بھوپال جمعیت علمائے ہند اور جامعہ حفظ القرآن چندن نگر نے امیرالہند قاری سید محمد عثمان منصور پوری کی وفات پر اظہار تعزیت پیش کی اور قرآن خوانی و دعائے مغفرت کے بعد ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی، جس میں بھوپال جمعیت کے صدر اسماعیل بیگ نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کورونا وبا کے بیچ ہمیں کئی شخصیات چھوڑ کر چلی گئیں، جو امت مسلماں کیلئے ایک بڑا المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان منصوری صاحب پچھلے چالیس سال سے دارالعلوم دیوبند میں اپنی تدریس و انتظامی خدمات بخوبی انجام دے رہے تھے۔
حضرت سنہ 1999 سے 2010 تک دارالعلوم دیوبند کے قائم نائب مہتمم رہے۔ ابھی حال ہی میں مجلس شوریٰ دارالعلوم دیوبند نے آپ کو دارالعلوم کا معاون مہتمم منتخب کیا تھا۔ آپ سنہ 2008 سے تا وفات جمعیۃ علما ہند کے صدر رہے۔
اس موقع پر جلسے میں حضرت کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی۔ آج کے جلسے میں عام لوگوں کے ساتھ ضلع جمعیت کارکنان و جامعہ کے اساتذہ و طلبہ بھی موجود تھے ۔