مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں واقع دارالقضاء مساجد کمیٹی کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ پریس کانفرنس میں شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی نے کہا کہ' اللہ تعالی نے مذہب اسلام کا ایسا نظام بنایا ہے، جس کو ہر امیر وغریب اختیار کر سکتا ہے۔ اسلام پر چلنا بالکل آسان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ' خصوصا شادی بیاہ کے تعلق سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ' نکاح کو اتنا آسان کرو کہ بدکاری مشکل ہو جائے۔ شادی کو سادگی کے ساتھ انجام دیا جائے۔ اپنی شادی کو تمام رسومات وخرافات سے بچایا جائے۔ گانے بجانے کو اسلام نے ناجائز قرار دیا ہے۔ ہر حال میں یہ سخت گناہ ہے۔ معاشرے میں جہیز ایک ایسی لعنت ہے جس کی وجہ سے کتنی غریب لڑکیوں کی شادیاں نہیں ہو پاتیں۔ جہیز کی رسم کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنا ضروری ہے'۔
مزید پڑھیں: بی جے پی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی نشست آج، امیدواروں کی پہلی فہرست متوقع
شہر قاضی نے اس تعلق سے کہاکہ' ہر محلہ کی مسجد کے امام و دینی اداروں کے رہنماؤں کو ایک اصلاحی کمیٹی بنانی چاہئے، جو کہ حکمت کے ساتھ پیار و محبت سے ان کے گھروں میں جاکر جہاں یہ رسومات اور خرافات ہو انہیں روکنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ' جس شادی میں اس طرح کے غیر شرعی کام ہوں گے وہاں قاضی حضرات نکاح نہیں پڑھائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے بھوپال کی سبھی مساجد کے ائمہ سے اپیل کی کہ جمعہ کی نماز و دیگر نمازوں میں اس موضوع پر لوگوں کو معلومات فراہم کریں۔