پورے ملک کی طرح ریاست بہار کے بھاگلپور ضلع میں بھی تقریباً ڈھائی مہینے کے لاک ڈاؤن کے بعد بس سروس بحال ہوگئی ہے لیکن عام طور پر بھیڑ بھاڑ رہنے والے تلکا مانجھی بس اسٹینڈ پر پہلے دن چند مسافر ہی نظر آئے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کو بس سروس بحال ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
حکومت نے بس سروس شروع تو کر دی ہے لیکن کافی احتیاط برت رہی ہے۔ بس میں سفر کرنے کیلئے کچھ پروٹوکول بنائے گئے ہیں۔ بی ایس آر ٹی سی کے افسر نے بتایا کہ آج کئی بسوں کو خالی ہی بھیجنا پڑا ہے۔
بس اسٹینڈ پر کسی طرح کی بھیڑ نہ لگے اور سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے اس کیلئے بس اسٹینڈ پر ایک مجسٹریٹ کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ ایک پولس اہلکار کو مختص کیا گیا ہے۔ مجسٹریٹ کو ہدایات دی گئی ہے کہ بسوں میں ایک سیٹ پر ایک مسافر ہی بیٹھنے کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی بس اڈے پر آنے والے مسافر ماسک پہنے ہوئے ہوں۔ ایسا نہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت جاری دی گئی ہے۔
بھاگلپور سے پورنیہ، ارریہ، کٹیہار، بیگوسرائے، مغربی بنگال سمیت دوردراز علاقوں کیلئے بی ایس آر ٹی سی کی تقریبا 150 بسیں روزانہ چلتی ہیں لیکن کوویڈ-19 کی وجہ سے ریاستی حکومت نے بس سروس بند کر دی تھی جو اب کچھ شرائط کے ساتھ بحال کر دی گئی ہے۔ جس سے دوسرے اضلاع جانے والے مسافروں نے راحت کی سانس لی ہے۔