ماہ رمضان المبارک میں مقدس سفر عمرہ پر جانے والے عازمین پہلی مرتبہ بریلی سے روانہ ہوئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب بریلی سے بھی فضائی سفر شروع ہونے کے بعد کوئی قافلہ عمرہ کرنے کے لیئے روانہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ سنہ 2019ء میں بریلی سے دہلی، ممبئی، لکھنؤ، بنگلور، حیدر آباد و دیگر شہروں کے لیئے فلائٹ شروع کی گئی ہے۔ لیکن کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران حج اور عمرہ پر بیرون عازمین کی آمد پر پابندی عائد تھی۔ لہزا، یہاں سے عازمین مقدس سفر حج اور عمرہ پر نہیں جا سکے تھے۔ لیکن اب ایسا وقت بھی آیا ہے کہ 25 ممبران کا ایک قافلہ بریلی سے وایا ممبئی ہوتا ہوا مقدس سفر عمرہ کے لیے روانہ ہوا ہے۔
بریلی ایئرپورٹ پر عمرہ پر جانے کے لیے روانہ ہونے سے قبل تمام عازمین کا استقبال کیا گیا۔ اس دوران بریلی حج سیوا سوسائٹی کے صدر عطاء الرحمٰن نے عازمین کو مبارک باد پیش کی اور دعا کی گزارش کی۔ اس دوران اُنہوں نے مرکزی حکومت سے بریلی ایئرپورٹ کو عالمی ایئرپورٹ اتھارٹی کا درجہ دلائے جانے کا مطالبہ کیا۔ تاکہ عازمین حج اور عمرہ کو بریلی سے دہلی اور ممبئی ایئرپورٹ کے بجائے براہ راست جدہ تک جا سکیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بریلی ایئرپورٹ اتھارٹی کا درجہ ملنے کے بعد بریلی اور اطراف کے اضلاع سمیت اتراکھنڈ کے عازمین کو بھی سہولیات مہیا ہوں گی اور بریلی شہر ترقی کی راہ پر مزید گامزن ہوگا۔ بریلی حج سیوا سوسائٹی کے بانی پمّی خاں وارثی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ بریلی سے بھی عازمین عمرہ کو مقدس سفر پر جانے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ اس سے عازمین کا وقت بھی ضائع نہیں ہو رہا ہے۔ پہلے تمام لوگ دہلی یا لکھنؤ تک ٹیکسی یا اپنی گاڑی کے ذریعے جاتے تھے، تو کرائے وغیرہ میں بھی روپیہ خرچ ہوتے تھے اور پانچ سے چھ گھنٹے کا وقت بھی ضائع ہوتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
غور طلب ہے کہ گزشتہ دو برس تک کورونا کی مہلک بیماری کی وجہ سے بیرون عازمین کی آمد کو مکمل طور پر پابند کر دیا گیا تھا، صرف مقامی شہری یا پھر سعودی عرب میں کام کرنے والے بیرونی مستقل کاریگروں اور ملازمین کو ہی حج کی اجازت دی گئی تھی۔ رمضان کے ماہ مبارک میں عمرہ کرنے کی عازمین کی حسرت کا کوئی متبادل اور ثانی نہیں ہے۔ لہٰذا، عازمین نے بھی اس مبارک موقع پر خوشی کا اظہار کیا۔ یہ تمام عازمین بریلی سے ممبئی اور وہاں سے سعودی عرب جاکر مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کی زیارت کریں گے۔