علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرار عبدالحمید (آئی پی ایس) نے ایک نوٹس جاری کیا جس میں جولائی کے ماہ میں ہر جمعہ کی رات دس بجے سے پیر صبح پانچ بجے تک علی گڑھ کیمپس بند رکھنے کا آرڈر دیا گیا ہے۔ ملازمین اور طلبہ کو شناختی کارڈ دکھا کر داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
اے ایم یو رجسٹرار عبدالحمید (آئی پی ایس) نے 10 جولائی 2020ء کو کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق جاری کیے گئے چیف سیکرٹری، ریاست اتر پردیش حکومت کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی منصوری کے بعد ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اے ایم یو علی گڑھ کا کیمپس جمعہ کی رات دس بجے سے پیر کی صبح پانچ بجے تک جولائی کے ماہ میں بند رہے گا۔
یونیورسٹی کے شعبہ اور دفتر جو ضروری سروس جیسے میڈیکل، بجلی، پانی، رہائشی ہال، آٹو موبائل ورکشاپ، ٹیلی فون، انتظامیہ بلاک وغیرہ کے ملازمین شعبہ کے سربراہ کے مطابق اپنی ڈیوٹی جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ریاست اترپردیش کی حکومت کی جانب سے ایک آرڈر جاری کیا گیا تھا جس میں ہفتہ میں دو روز یعنی سنیچر اور اتوار کو سبھی بازار بند رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
اے ایم یو رجسٹرار عبدالحمید کے جاری کیے گئے نوٹس کو یونیورسٹی کے دروازوں پر لگا دیا گیا ہے۔ جس کے مطابق آج رات 10 بجے سے پیر کی صبح پانچ بجے تک اے ایم یو کے سبھی دروازوں کو بند رکھا جائے گا صرف ملازمین اور طلبہ کو ان کی شناختی کارڈ دیکھ کر داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔