ریاست میں 26 ستمبر کو منعقد ہونے والے REET 2021 امتحان کے سلسلہ میں متعدد سماجی تنظیموں کی جانب سے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مختلف تنظیموں نے امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کے لیے مفت کھانے اور رہائش کا معقول انتظام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلہ میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے راجستھان کی تمام تنظیموں کی ایک لسٹ تیار کی ہے جس میں تمام تفصیلات کو درج کیا گیا ہے جب کہ اسے سوشیل میڈیا کے ذریعہ تمام امیدواروں تک پہنچایا جائے گا تاکہ امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو سہولت ہوسکے۔
پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی سیکریٹری تاج محمد نے بتایا کہ 26 ستمبر کو منعقد ہونے والے ریٹ امتحان میں 16 لاکھ سے زائد امیدوار شرکت کریں گے، ان سبھی کے لیے ریاست کے مختلف اضلاع اور دیہاتوں میں پی ایف آئی کی جانب سے مفت رہنے کا انتظام کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ راجستھان کی ان سماجی تنظیموں کی لسٹ تیار کی جائے گی جن کی جانب سے امیدواروں کے لیے مفت کھانے اور رہنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ لسٹ میں تمام تنظیموں سے روابط کے لیے نمبرات بھی درج کئے جائیں گے جسے سوشیل میڈیا کے ذریعہ وائرل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:راجستھان میں بی جے پی کی نفرت کی سیاست کو ناکام کریں گے: پی ایف آئی
راجستھان میں سماجی تنظیموں کی جانب سے امیدواروں ک ےلیے مفت کھانے اور رہنے کے انتظام کی سہولیات کے بعد وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریٹ امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کے لیے روڈویز کی سرکاری بسوں اور غیرسرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔