ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں قرآن مجید کی آیات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں دی جانے والی وسیم رضوی کی عرضی کے خلاف پورے ملک میں غم و غصے کا ماحول ہے۔
ایسے میں احمدآباد کے گومتی پور علاقے میں موجود جھولتا منارے کے قریب گجرات رضا اکیڈمی کی جانب سے وسیم رضوی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
اس ضمن میں گجرات رضا اکیڈمی کے رکن اور گومتی پور علاقے کے کاؤنسلر اقبال شیخ نے کہا کہ 'ہم نے عوام کو بتایا کہ وسیم رضوی کا آنے والے وقت میں اللہ تعالیٰ سخت حشر کرے گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہم کو آئین کے مطابق اس کے سامنے لڑنا ہے۔ ہم کو جذباتی نہیں بننا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد اسے سزا دی جائے اور اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔'
وہیں گومتی پور کے کاؤنسلر ذوالفقار خان پٹھان نے کہا کہ ہم وسیم رضوی کی سخت مذمت کرتے ہیں اور آج ہم نے وسیم رضوی کا مجسمہ بنا کر اسے چپلوں سے پیٹائی کی۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم نے اس کے خلاف پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس شیطان کو ملک بدر کیا جائے کیوںکہ وسیم رضوی بار بار ایسے قدم اٹھاتا ہے جس سے مسلمانوں کے جذبات کو گہری ٹھیس پہنچتی ہے۔'