گجرات حکومت نے اس بارے میں گجرات ہائی کورٹ میں بتایا ہے کہ اسٹیچیو آف یونیٹی کے مقام پر بے گھر ہونے والے متاثرین کسان و دیگر افراد کو کاشتکاری اور مکانات کے لیے اراضی فراہم کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے اس معاملے کی اگلی سماعت 27 دسمبر کو ہوگی۔
اطلاع کے مطابق درخواست گزاروں نے بتایا ہے کہ ضلع نرمدہ کی تحصیل کیوڑیا کے گاؤں نواگام، گورا، لمڑی، کوٹھی اور ونگدیہ گاؤں کے لوگوں کے پاس زرعی اراضی ہے۔ یہاں سیاحت کی ترقی کے پیش نظر حکومت پر انہیں بے دخل کرنے کا الزام لگایا ہے اور گجرات حکومت پر لینڈ ایڈیٹنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے گجرات ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔
اس تعلق سے درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اراضی میں ترمیم کی کارروائی بند کی جائے۔ ہائی کورٹ میں اس معاملے کی سماعت کے دوران ریاستی حکومت نے بتایا کہ متاثرہ لوگوں کو کاشتکاری کی اراضی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت نے تیاری کرلی ہے لہذا اس معاملے کی اگلی سماعت 27 دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کیوڑیا کالونی میں ناڈا بیٹ جزیرے کے قریب واقع ہے۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا 182 میٹر کا مجسمہ دنیا کا بلند ترین مجسمہ ہے گزشتہ ایک سال میں لاکھوں سیاح سردار پٹیل کا مجسمہ دیکھنے آ چکے۔ حکومت نے مجسمے کے آس پاس سفاری پارک اور فلاور پارک بھی تعمیر کیا ہے۔ حکومت نے اس جگہ کو سیاحتی مقام کی حیثیت سے تیار کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔