نئی دہلی: گذشتہ ایک ماہ کے دوران آلو کی قیمتوں میں 81 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ جمعرات کے روز دہلی کے آزاد پور منڈی میں آلو کی تھوک قیمت 4 روپے فی کلو درج کی گئی، جو ایک ماہ قبل 22 روپے فی کلو تھی۔
حالانکہ یہ مارکیٹ میں آلو کی تھوک قیمت کا نچلی سطح ہے، لیکن تھوک قیمت کی اعلی سطح میں بھی 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک ماہ قبل جہاں آزاد پور منڈی میں آلو کی تھوک قیمت 36 روپے فی کلو تھی، وہیں جمعرات کے روز آلو کی قیمت 18 فی کلو ریکارڈ کی گئی۔
اگر اوسط قیمت کی بات کریں تو گذشتہ ایک مہینے میں اس میں 66 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ جمعرات کے روز منڈی میں آلو کی اوسط تھوک قیمت 9.75 روپے فی کلو تھی جبکہ یہ ایک ماہ قبل 29.25 روپے فی کلو تھی۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ کسانوں کے احتجاج کی وجہ سے آمد کم ہے، ورنہ آلو کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوتی۔
جمعرات کے روز آزاد پور منڈی میں آلو کی آمد 943.6 ٹن تھی جبکہ اس سے ایک دن پہلے 1،286 ٹن تھا۔
بازار والوں نے بتایا کہ اس وقت آلو کی آمد زیادہ تر پنجاب اور ہماچل پردیش کی ہے، جو کسان تحریک سے تھوڑا متاثر ہے۔
کچھ ہفتوں پہلے تک دہلی-این سی آر میں آلو کی خوردہ قیمت 50 روپے فی کلو سے زیادہ تھی، جو اب کم ہوکر 25 سے 30 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
بتادیں کہ دیوالی سے قبل آلو کی قیمت آسمان چھورہی تھی اور آلو کی قیمت پر قابو میں رکھنے کے لیے مرکزی حکومت نے اکتوبر میں 10 فیصد ڈیوٹی کے ساتھ 10 لاکھ ٹن آلو کی برآمد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ آلو پر درآمدی ڈیوٹی 30 فیصد ہے۔