وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں بھی کئی سیاحتی مقامات ہیں تاہم ان سیاحتی مقامات کو جانے والی سڑکوں کی مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، مشہور سیاحتی مقام ناراناگ اسکی ایک مثال ہے۔
ناراناگ مقامی و ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی پسندیدہ مقام ہے تاہم یہاں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر سیاح مایوس ہو جاتے ہیں۔
اگرچہ ریاستی حکومت ان سیاحتی مقامات کو بہتر اور جاذب بنانے کے بلند و بانگ دعوے کرتی رہتی ہے تاہم ناراناگ کے باشندوں کا الزام ہے کہ پچھلے کئی برسوں سے یہاں ترقیاتی کام نہیں ہو پا رہے ہیں۔
علاقے کے لوگوں نے الزام عائد کیا کہ ناراناگ جانے والی سڑک سال 2017 میں کئی جگہوں پر کھسک گئی تھی اور سیاحتی مقام ہونے کے ساتھ ساتھ ہزاروں مقامی افراد روزانہ اسی سڑک سے سفر کرتے ہیں جو خطرے سے خالی نہیں۔
انکا کہنا تھا کہ انہوں نے اس مسئلے کو متعلقہ حکام تک پہنچایا تاہم ’’افسران اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔‘‘
محکمہ سیاحت کے ساتھ ساتھ دیگر محکمہ جات ریاست میں سیاحت کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرتے ہیں تاہم ناراناگ میں ابھی بھی سڑک، موبائل نیٹورک اور بیت الخلاء جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔