نیپال حکومت نے بھارت سے روزانہ درآمد ہونے والے سیکڑوں ٹن پھل و سبزیوں پر پابندی عائد کردی ہے، نیپالی حکومت کا الزام ہے کہ بھارت سے درآمد کی جانے والی سبزیوں میں حد سے زیادہ جراثیم کش ادویات کا استعمال کیا گیا ہے۔
لیکن بھارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بہار کے مظفرپور میں چمکی بخار کے قہر کے مد نظر نیپالی حکام نے یہ فیصلہ لیا ہے، پابندی عائد کیے جانے کے بعد پھلوں اور سبزیوں سے لدے ٹرک بھارت-نیپال سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں وہیں بھارتی کاروباریوں کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
اس معاملے میں نیپال کسٹم کا کہنا ہے کہ بغیر لیب ٹیسٹ کے پھلوں اور سبزیوں کی نیپال میں انٹری نہیں ہوگی، ان کا الزام ہے کہ بھارت سے درآمد کیے جارہے پھل اور سبزیوں میں حد سے زیادہ کیمیکل کا استعمال کیا جارہا ہے۔
نیپال کسٹم کے اس فیصلے سے نیپال اور بھارت دونوں ملکوں کے کاروبارویوں کو بھاری نقصان ہوسکتا ہے، اور چھوٹے موٹے بیوپاریوں کے سامنے تو ان کی روزی روٹی چھن جانے کا مسلہ کھڑا ہوگیا ہے۔