ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں گزشتہ روز جنتادل سیکولر کے کارگزار صدر شان ہند نہال احمد اور جنرل سیکریٹری محمد مستقیم نے ہیلتھ محکمہ کی خاتون آفیسر سپنا ٹھاکرے سے ملاقات کی۔
انھوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں کورونا کے دوسرے دور کے آغاز سے ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ ایسے حالات میں مالیگاؤں شہر میں 35 غیر سرکاری اور 4 سرکاری اسپتالوں میں بڑے پیمانے پر بیرون شہر کے مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
موجودہ حالات میں کورونا وائرس کے حوالے سےحالات قدرےبہتر ہیں لیکن مستقبل میں اگر مالیگاؤں کی عوام کورونا سے متاثر ہوگی تو صورتحال تشویشناک ہوجائے گی۔
اس لیے جنتادل سیکولر کے جنرل سیکریٹری محمد مستقیم نے ہیلتھ آفیسر سپنا ٹھاکرے سے مطالبہ کیا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے حدود میں ایمرجنسی صورتحال کےلیے آکسیجن سلنڈرز اور اسپتالوں میں بیڈز پہلے سے محفوظ رکھا جائے۔
وہیں دوسری طرف سرکاری گائیڈ لائن کے مطابق یکم مئی سے 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسین لگانے کو کہا گیا ہے۔
اس سے متعلق مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی کیا تیاری ہے مستقیم ڈگنیٹی نے اس کی بھی معلومات حاصل کیں۔اور اعلان کیا کہ 1 مئی کو وہ خود ویکسین لگائیں گے۔اس تعلق سےجنتادل سیکولر کی کار گزار صدر شان ہند نہال احمد نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے پہلے اور دوسرے دور میں جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی خدمت کرنے والی ہیلتھ ورکرز (آشا ورکر) کوکئی کئی ماہ تاخیر سے تنخواہ مل رہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ چند دنوں میں مسلمانوں کا بڑا تہوار عید اور برادران وطن کے تہواروں کے پیش نظر آشا ورکرس کے بقایا جات کو فوری ادا کیا جائے تاکہ وہ اپنی ضروریات کو پورا کرسکیں۔