انچارج پولیس سپرنٹنڈنٹ شیلیش کمار سنہا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دو دن قبل انہیں غیر قانونی ریت لدی گاڑیوں سے پولیس کے ذریعہ وصولی کرتے ہوئے ایک ویڈیو موصول ہوئی تھی ۔
ویڈیو کی سب ڈویژنل پولیس افسرسے جانچ کرائی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ جانچ کے دوران یہ پتہ چلا کہ وصولی میں سہسرام مفصل تھانہ کے اے ایس آئی دلدار حسین سمیت دیگر کی تصویر ہے ۔ جو گرانڈ ٹرنک روڈ پر گاڑیوں سے وصولی کر رہے تھے ۔
گشتی دل میں شامل اے ایس آئی دلدار حسین ، حولدار کوشل کمار سنگھ ، سپاہی نتیش کمار آزاد ، ریپو سودن اور امت کمار کو معطل کر دیا گیا ہے ۔
سنہا نے بتایاکہ سبھی پولیس عملوں پر محکمہ جاتی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے زور دےکر کہاکہ غیر قانونی دھندے پر روک لگانے کیلئے سون ندی کے ساحلی علاقوں کے تھانوں میں اضافی پولیس فورس کے ساتھ جوڈیشیل مجسٹریٹ کو تعینات کیا گیا ہے ۔
سبھی تھانہ صدور کو اہم شاہراہوں کے علاوہ دیہی علاقوں کی سڑکوں پر بھی گشت لگانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس فورسز اور جوڈیشیل مجسٹریٹ کے ذریعہ کسی طرح کی کوئی لاپرواہی کی گئی تو ان پر بھی کاروائی کی جائے گی ۔