مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلہ کی رائے دہی جاری ہے، اس درمیان بیربھوم ضلع کے بولپور اسمبلی حلقے کے 188 نمبر پولنگ بوتھ بی سے ای وی ایم مشین خراب ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ووٹرز جب ووٹ ڈالنے کے لئے پولنگ بوتھ پہنچے تو انہیں پتہ چلا ہے کہ ای وی ایم خراب ہو گئی ہے. ووٹرز کو تقریباً ایک گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا۔
الیکشن کمیشن کے ملازمین کی کوششوں کے بعد 53 منٹوں کے شھر ای وی ایم دوبارہ کام کرنے لگا اس طرح تقریباً ایک گھنٹے کے بعد ووٹ ڈالنے کا کام شروع ہوسکا۔ پریسیڈنگ آفیسر نے کہا کہ ای وی ایم میں گڑبڑی پائے جانے کے سبب تقریباً ایک گھنٹے بعد ووٹ ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوا. جس کے لئے ووٹرز سے معذرت چاہتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ گرمی کافی پڑ رہی ہے. اسی وجہ سے ووٹرز کے لئے خاص انتظام کیا گیا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو۔ دوسری طرف ووٹرز نے ای وی ایم میں گڑبڑی پائے جانے پر الیکشن کمیشن کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا. ان کا کہنا ہے کہ شدید دھوپ کے باوجود لوگوں کو گرمی ودھوپ میں کھڑا کروا کر رکھا گیا۔
دوسری جانب آٹھویں اور آخری مرحلے چار اضلاع کی 35 سیٹوں پر سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان ووٹ ڈالے جارہے ہیں لیکن سب کی نظریں بیربھوم ضلع اور انوبراتا منڈل پر مرکوز ہے۔ ذرائع کے مطابق انو برتا منڈل کے گڑھ بیربھوم ضلع کے 3908 بوتھوں میں سے 1175 پولنگ بوتھوں کو حساس قرار دیا گیا ہے. ان بوتھوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ دو سو سے زائد بوتھوں پر کویک رسپانس اسکواڈ کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ حالات کو جلد از جلد قابو میں کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق بیربھوم ضلع میں پرامن ووٹنگ کروانے کے لئے پانچ ضلع مجسٹریٹ کو ڈیوٹی پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آٹھویں مرحلے کی ووٹنگ کے یہاں سکیورٹی کے انتظامات سخت کئے گئے. اس مرحلے میں مرکزی فورسز کی 753 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ دوسری طرف حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں آٹھویں اور آخری مرحلے میں ہونے والی ووٹنگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔