تلنگانہ: بی جے پی نے دو دن تک اپنی پارٹی کے منتھن کے بعد اعلان کیا ہے کہ ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں آئے گی، لیکن اپوزیشن بھی متحد ہوگئی ہیں۔ ایک طرف راہل گاندھی بی جے پی کو شکست دینے کے لیے بھارت جوڑو یاترا کر رہے ہیں، تو دوسری طرف کے سی آر نے کئی اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ریلی کا اہتمام کیا ہے۔ کے سی آر کے پروگرام سے یہ لگ رہا ہے کہ وہ تیسرے محاذ کی بنیاد رکھنے جا رہے ہیں۔ حالانکہ ان کی منعقدہ ریلی میں کانگریس نہیں شامل ہوئی ہے۔ تو وہیں اس ریلی میں ممتا بنرجی اور نتیش کمار بھی نہیں دکھے۔ در اصل ریلی کا اہتمام اپوزیشن پارٹیوں کو ایک ساتھ جوڑ کر بی جے پی کو مرکز سے بے دخل کرنے کو لیکر کیا گیا، لیکن کچھ پارٹیاں اس ریلی میں شامل نہیں ہوئی۔ اب آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ 2024 انتخابات میں این ڈی اے کی حکومت بنتی ہے یا پھر یو پی اے کی۔
وہیں آج الیکشن کمیشن نے تین شمال مشرقی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر انوپم چندر پانڈے اور ارون گوئل نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ تریپورہ میں 16 فروری، ناگالینڈ اور میگھالیہ میں 27 فروری کو ایک ساتھ پولنگ ہوگی۔تریپورہ کی تمام 60 نشستوں کے لیے 21 جنوری کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور 30 جنوری تک کاغذات نامزدگی داخل کی جاسکے گی اور 2 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ میگھالیہ اور ناگالینڈ کے لئے 31 جنوری کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور 7 فروری تک نامزدگیاں داخل کی جا سکیں گی۔ امیدوار 10 فروری تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔