مغربی بنگال کے بردوان ضلع کے درگاپور بیراج سے روزانہ سینکڑوں کیوزک پانی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے. اس درمیان ندی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے.
اس کے سبب بردوان، مشرقی مدنی پور اور ہوڑہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے. اس دوران اب تک متعدد افراد کے مرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے.
دوسری طرف تینوں اضلاع میں سیلابی صورتحال سے دوچار مقامی باشندوں کی ناراضگی پھوٹ پڑنے لگی ہے اس کا راست اثر سیاسی رہنماؤں پر دکھائی دینے لگا ہے.
ناراض لوگوں نے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی دونوں پر لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کیا. لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سنگین صورتحال میں بھی ان کی مدد نہیں کی جارہی ہے. سیاسی رہنما لوگوں کی مجبوری کا بھی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش میں مصروف ہیں.
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ممتابنرجی کو سیلاب سے متاثر علاقوں کے دورے کے دوران مقامی باشندوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا.