صولت پبلک لائبریری کے پر امن انتخاب کے درمیان معروف مورخ، مصنف اور ادبی شخصیت شوکت علی خان ایڈووکیٹ مسند صدارت پر جلوہ بار ہوگئے ہیں۔ ان کی کامیابی کا جشن رامپور کے اہم ادبی حلقوں میں منایا جارہا ہے۔ یہ پہلا انتخاب ہے جس میں علم و ادب کے مشاہیر نے رہنمائی کی اور باکردار باصلاحیت اردو سے واقف افراد کے انتخاب کی اپیل کی تھی۔
شوکت علی خاں کی کامیابی میں جہاں ڈاکٹر ممتاز عرشی،ڈاکٹر شریف احمد قریشی، اظہر عنایتی، شکیل غوث، رضوان لطیف خاں، پروفیسر الف ناظم، پروفیسر عبدالوہاب سخن، طالب رام پوری، صحافی صدام حسین فیضی اور دیگر خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ وہیں معروف سیاسی سماجی کارکن اسلم حسن خاں، سابق ایم ایل اے افروز علی خاں، سابق چیئرپرسن ریشمہ افروز، شہلا شہاب، ڈاکٹر تنویر احمد، ڈاکٹر محمود علی خاں، نصرت علی خاں، حامد رضا خاں اور صحافیوں نے جہاں شوکت علی خان کو لبیک کہا وہیں صولت لائبریری کی وقار و بقا کی ضرورت کو محسوس کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
رامپور: حضورﷺ کے اسوہ کو عام کرنے کی ضرورت
امید ہے کہ نئے صدر لائبریری کو ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے اور لائبریری کو درپیش مسائل کا تسلی بخش تدارک فرمائیں گے اور علم و ادب کی شمع روشن کریں گے اور اردو کی ترویج و ترقی کے لئے مثبت قدم اٹھائیں گے۔ شوکت علی خاں کو کامیابی پر نیک خواہشات و مبارکباد کاسلسلہ جاری ہے۔