جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے آزادی کا امرت مہا اتسو کے سلسلے میں جموں اور سری نگر کے کالجوں میں سوریہ نمسکار کا اہتمام کرنے کے احکامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزراء اعلیٰ عمر عبداللہ و محبوبہ مفتی نے اس کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان احکامات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ Reaction Of J&K Politicians Over Surya Namskar Orders
مزید پڑھیں:۔ Maulana Alam Qasmi on Surya Namaskar: 'سوریہ نمسکار پروگرام میں سرپرست اپنے بچوں کو شامل ہونے سے روکیں'
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اس معاملے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مکر سنکرانتی منانے کے لیے مسلم طلبہ کو یوگا سمیت کچھ بھی کرنے کے لیے کیوں مجبور کیا جارہا ہے ؟ مکر سنکرانتی ایک تہوار ہے اور اسے منانا یا نہ منانا ایک ذاتی انتخاب ہونا چاہئے نہ کہ جبراً، اسے ہر فرد پر مسلط کرنا مناسب نہیں ہے۔ عمر عبداللہ نے مزید لکھا کہ اگر اسی طرح غیر مسلم طلبہ کو عید منانے کا حکم جاری کیا جائے تو کیا بی جے پی خوش ہوگی؟
وہیں سابق وزیر اعلیٰ و پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھی ٹویٹر پر اس حکم نامے کی سخت الفاظ میں نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط مہم جوئی کا مقصد کشمیریوں کی تذلیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور عملے کو مذہبی مقاصد کے لئے مسلط کردہ احکامات کے ذریعے سوریہ نمسکار کرنے پر مجبور کرنا حکومت کی فرقہ وارانہ ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ڈائریکٹر کالجز نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کالج سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ طلباء و عملہ دونوں کو سوریہ نمسکار پروگرام میں شرکت کو یقینی بنائیں۔