چنڈی گڑھ: پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ لالجیت سنگھ بھولر نے اتوار کو پٹی اور شملہ کے درمیان پنجاب روڈ ویز بس سروس کا افتتاح کیا۔ آج یہاں پٹی بس اسٹینڈ سے ہری جھنڈی دکھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے لالجیت سنگھ بھولر نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ روڈ ویز بس سروس پٹی سے شملہ تک شروع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کے مختلف شہروں سے دوسری ریاستوں کے لیے بسیں چلا رہی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ لالجیت سنگھ بھولر نے کہا کہ پنجاب روڈ ویز کی یہ بس پٹی بس اسٹینڈ سے صبح 10.20 بجے روانہ ہوگی اور امرتسر، جالندھر اور چنڈی گڑھ کے راستے رات 10.30 بجے شملہ پہنچے گی۔ اسی طرح اگلے دن یہ صبح 7.10 بجے شملہ سے روانہ ہوگی اور اسی راستے سے واپس لوٹے گی اور تقریباً 7.30 بجے پٹی پہنچے گی۔ بس کا یک طرفہ کرایہ 585 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
لالجیت سنگھ بھولر نے کہا کہ پنجاب روڈ ویز نے گزشتہ مالی سال کے دوران ریکارڈ آمدنی درج کی ہے۔ پنجاب روڈ ویز نے مالی سال 2022-23 کے دوران 700.88 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے جو کہ سال 2021-22 میں 547.08 کروڑ روپے تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 153.80 کروڑ روپے کا یہ اضافہ 28.11 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں دوسرے شہروں سے بھی بسیں چلائی جائیں گی۔
یو این آئی