گاندربل: جموں و کشمیر کے گورنمنٹ ڈگری کالج گاندربل کے درجنوں طلباء نے ہفتہ کے روز کشمیر یونیورسٹی انتطامیہ کے خلاف امتحانی پرچوں کی مبینہ "غیر منصفانہ" جانچ کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ ان درجنوں طلباء نے گاندربل دودرہامہ کے پل پر دھرنا دے کر ٹریفک کی نقل و حمل کو بند کردیا۔ اس دوران مسافروں و بیماروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین نے کشمیر یونیورسٹی کی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں کی اتھارٹی نے حال ہی میں منعقد ہونے والے پانچویں اور چھٹویں سمسٹر کے امتحانات میں مبینہ طور پر تشخیص کے غیر منصفانہ طریقوں کا سہارا لیا ہے۔ Protest against alleged unfair evaluation of papers in examinations in Ganderbal
مزید پڑھیں:۔ Students Protest in Rajouri گورنمنٹ ڈگری کالج کوٹرنکا کے طلبا کا انتظامیہ کے خلاف احتجاج
پانچویں اور چھٹے سمسٹر کے طلباء نے کشمیر یونیورسٹی انتطامیہ کی طرف سے امتحانی پرچوں کی غیر منصفانہ جانچ کا الزام لگایا، یہاں تک کہ کشمیر یونیورسٹی نے بھی تمام مضامین کے نتائج کا اعلان نہیں کیا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایک طالب علم نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی ہمارے کریئر کے ساتھ کھیل رہی ہ۔ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ یونیورسٹی نے ایسا کیا ہے، اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ ایک اور طالب علم نے الزام لگایا کہ نتائج چونکا دینے والے ہیں کیونکہ کوئی بھی طالب علم پرچہ کے جانچ سے مطمئن نہیں ہے، جس کی وجہ سے وہ پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہوا کہ ان کے پرچوں کی جانچ دو دن میں ہو جائے اور ایسا لگتا ہے کہ یونیورسٹی کے حکام نے صرف رسمی کارروائی کی ہے۔ احتجاج کرنے والے طلباء نے یونیورسٹی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر غور و فکر کریں اور انکے کیرئیر کو بچائیں اور دوبارہ پرچوں کی جانچ کریں ۔ اس دوران دھرنے کو دیکھ کر موقع پر پہنچے پولیس افسران نے طلباء کو سمجھایا کہ بے شک آپکا احتجاج صحیح ہے لیکن آپ اس طرح سے پل کو بند کرکے مسافروں کی نقل و حرکت کو بند نہیں کر سکتے ہیں، جس کے بعد طلباء نے میڈیا کے سامنے اپنی روداد سنائی اور پرامن طریقے سے واپس چلے گئے۔