وزیر اعظم نریندر مودی Prime Minister Narendra Modi نے جمعہ کو کہا کہ ان کی حکومت سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کے بنیادی منتر کے ساتھ کام کر رہی ہے اور یہ منتر آئین کی روح کا سب سے طاقتور مظہر ہے۔
مودی نے کہا کہ جمہوری نظام میں آئین کے مطابق حکومت کے تینوں اداروں کے اختیارات کی علیحدگی بہترین نظام ہے، ایگزیکٹو اور عدلیہ کا مل کر کام کرنا بھی بہت ضروری ہے تاکہ آئندہ 25 برسوں کے دور میں ہم ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جا سکیں اور عوام کی امنگوں پر پورا اتر سکیں۔
مودی نے کہا کہ آزادی کے لیے جینے اور مرنے والے اور ہزاروں سالوں سے ہندوستان کی عظیم روایت کو برقرار رکھنے والے لوگوں کے لیے آئین ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کے لیے وقف ہے، ہماری حکومت ترقی میں کوئی امتیاز نہیں کرتی اور ہم نے یہ ثابت کیا ہے۔
نریندر مودی یوم آئین Constitution Day کے موقع پر وگیان بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں مہمان خصوصی تھے۔ اس تقریب میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا، مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو، اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر وکاس سنگھ اور دیگر عدالتی شخصیات موجود تھیں۔
مسٹر مودی نے کہاکہ ’’آج غریب بھی معیاری انفراسٹرکچر تک رسائی حاصل کر رہے ہیں، جو کبھی وسائل والے لوگوں تک محدود تھا۔
مزید پڑھیں:72nd Constitution Day: یوم آئین کے موقع پر پارلیمنٹ میں تقریب
انہوں نے کہا کہ اب ملک کی توجہ لداخ، انڈمان اور شمال مشرق کی ترقی پر اتنی ہی ہے جتنی دہلی اور ممبئی جیسے میٹرو شہروں پر ہے۔ کورونا کے دور میں غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کے دور میں پچھلے کئی مہینوں سے 80 کروڑ سے زائد لوگوں کو مفت غذائی اجناس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پی ایم غریب کلیان انا یوجنا پر دو لاکھ 60 ہزار کروڑ سے زیادہ خرچ کرکے غریبوں کو مفت اناج دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "کل ہی ہم نے اس اسکیم کو اگلے سال مارچ تک بڑھا دیا ہے۔"
یواین آئی