صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں گلیشیئر حادثے کے بعد رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لوگوں کے حفظ و امان کی امید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی پوری امید ہے کہ راحت اور بچاؤ کا کام ٹھیک سے جاری ہے۔
اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں جائے حادثہ کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلی ترویندر راوت نے تپو ون کا دورہ کیا۔ انہوں نے فوج اور آئی ٹی بی ٹی کے جوانوں سے صورت حال کی جانکاری حاصل کی۔
وہیں، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر اعلی سے فون پر بات کر کے صورت حال کے بارے میں جانکاری لی۔
وزیر اعظم نے ٹویٹ کر کے لکھا کہ وہ اتراکھنڈ کے حالات پر قریبی نظر رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک متاثرین کی حفاظت کے لیے دعا کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ راحت رسانی کے کاموں کے تعلق سے وہ افسران سے مسلسل جانکاری لے رہے ہیں۔
وہیں، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ 'این ڈی آر ایف کی 3 ٹیمیں اتراکھنڈ پہنچ گئی ہیں۔ کئی ٹیمیں دہلی سے اتراکھنڈ کے لیے روانہ ہونے کے لیے تیار ہیں۔ ساتھ میں آئی ٹی بی ٹی کے جوان بھی ہیں۔ میں اتراکھنڈ کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ مودی حکومت اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔'
اس سے پہلے وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹ کر کے بتایا کہ اتراکھنڈ میں حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیو بھومی کو ہر ممکن مدد دی جائے گی۔
وہیں، کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حادثے سے پریشان ہیں۔ سونیا گاندھی نے ایک بیان میں کہا کہ میں سبھی کی حفاظت کے لئے دعا گو ہوں۔ کانگریس کارکنان اور رضاکاروں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ راحت اور بچاؤ کے کام میں مصروف افسران اور متاثرین کی مدد کریں۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے حادثے پر ٹویٹ کر کے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ 'اتراکھنڈ میں گلیشیئر ٹوٹنے سے پیش آئے سانحے کی خبر افسوس ناک ہے۔ اس مشکل گھڑی میں پورا ملک اتراکھنڈ کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ مصیبت میں پھنسے لوگوں کے لیے میں اوپر والے سے دعا کرتی ہوں۔ کانگریس کے سبھی کارکنان سے اپیل ہے کہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں بھرپور تعاون دیں۔
اس سے قبل کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی ٹویٹ کر کے کہا کہ گلیشیئر پھٹنے سے پیش آیا سانحہ افسوس ناک ہے۔ انہوں نے اتراکھنڈ کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرکار سبھی متاثرین کو فوراً مدد فراہم کرے۔
جوشی مٹھ کے رونی گاؤں کے پاس گلیشیئر ٹوٹنے سے دھولی گنگا ندی پر بنا باندھ ٹوٹ گیا ہے جس سے بڑی تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کلیشیئر ٹوٹنے کی وجہ سے رشی گنگا پروجیکٹ پوری طرح سے برباد ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں:
اتراکھنڈ میں گلیشیئر ٹوٹنے سے زبردست تباہی، الرٹ جاری
ریاستی حکومت نے جوشی مٹھ کے حادثے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے۔ اگر کوئی متاثرہ علاقے میں پھنسا ہوا ہے یا کسی طرح کی مدد کی ضرورت ہے تو ہیلپ لائن نمبر 1070 یا 9557444486 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔