بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کے صدر نریش ٹکیت نے کہا کہ کسانوں کا دکھ درد وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمجھتے ہیں اور اگر انھیں یہ ذمہ داری دی جاتی ہے تو کسانوں کی مشکلات کا حل نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان تحریک میں جو تشدد ہوا ہے، حکومت اس کی منصفانہ جانچ کرائے، اگر کسان رہنما اور کسان قصوروار پائے جاتے ہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
کسان اپنے مذہب پر چل رہے ہیں۔ مہاپنچایت پورے بھارت میں جگہ جگہ کی جارہی ہے۔ بی کے یو کے صدر نے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کسانوں کے بارے میں حساس ہیں اور کسانوں کو اپنا کنبہ سمجھتے ہیں۔ ان کے دکھ درد کو ان کے درمیان جاکر شیئر کرتے ہیں۔ ہمیں تو بات چیت کرنے کا انتظارہے، لیکن کوئی آئے اورکسانوں کے مسائل کا حل نکالے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی پارٹی کی مخالفت نہیں کرتے ہیں۔ پارٹی کی پالیسیوں کی مخالفت کررہے ہیں۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اچھے ہیں، ہمیں ان سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ کسان تحریک دہلی غازی پور بارڈر پر ہے۔ اترپردیش کے مسائل تو الگ ہیں۔ ریاست میں گنا، بجلی سمیت دیگر مشکلات ہیں، جس کے تعلق سے ابھی کوئی حکمت عملی نہیں بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر اپنے آپ کو کسانوں کی حامی بتارہی ہے تو ان کے مسائل کا حل نکالنے کے لئے کوئی کوشش کیوں نہیں کر رہی ہے۔