پٹنہ: ریاست بہار کے معروف مسلم رہنما و آر جے ڈی کے رکن قانون ساز کونسل قاری صہیب ( ریاستی صدر یوتھ آر جے ڈی) کو ان کی ملی، سماجی، سیاسی اور رفاہی خدمات کے سبب ملی ستارہ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ یہ ایوارڈ تقریب ممبئی کے ادارہ دعوة السنہ ویلفیر ٹرسٹ مہاراشٹرا کی جانب سے حج ہاؤس میں منعقدہ کی گئی تھی جہاں کل ہند مسابقة القرآن الکریم کا دو روزہ مسابقہ بھی منعقد کیا گیا تھا، اسی موقع پر قاری صہیب کو ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ ایم ایل سی قاری صہیب کو یہ ایوارڈ انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی اور گجرات کے معروف عالم دین اور جامعہ ریاض العلوم کوسمبا کے بانی و ناظم مفتی محمد سارودی کے ہاتھوں دیا گیا۔
واضح رہے کہ قاری صہیب بہار اسمبلی میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے مسائل کو پوری شدت سے اٹھاتے ہیں اور اسے حل کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ دینی علوم سے واقفیت کے ساتھ ساتھ وہ عصری علوم میں بھی ماہر ہیں۔ انہوں نے پنجاب ٹیکنکل یونیورسٹی سے بی بی اے کی تعلیم حاصل کی۔ اس لیے ان کا یہ بھی مشن ہے کہ مسلمان دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم میں بھی مہارت پیدا کریں تاکہ ملک و ملت کو ترقی کے دھارے میں جوڑنا آسان ہوسکے۔ قاری صہیب حکومت میں رہتے ہوئے مسائل کی سنجیدگی کے پیش نظر ایوان میں پارٹی لائن سے باہر جاتے ہوئے کئی مسائل اٹھائے ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ RJD MLC Qari Sohaib قاری صہیب نے بہار اقلیت کلیان سمیتی کے صدر کا عہدہ سنبھالا
ملی ستارہ ایوارڈ سے سرفراز ہونے کے بعد قاری صہیب نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ بڑے بزرگوں نے آج یہ اعزاز دے کر میری ذمہ داریوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ میری پوری کوشش رہے گی کہ ان ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کر سکوں اور ہمارے بزرگوں نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر کھڑا اترنے کی کوشش کروں گا۔