کووڈ -19 کے معاملوں میں اضافہ کی وجہ سے ریمڈے سیویر کی مانگ بڑھنے کے مدنظر مرکز نے اتوار کو کہا کہ انسداد کورونا انجیکشن اور اس کی دوائی (اے پی آئی) کی برآمد پر حالات میں بہتری ہونے تک روک لگا دی گئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ اس کے علاوہ آسانی سے دوا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ریمڈے سیویر کے سبھی گھریلو صنعت کاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر اپنے دکانداروں اور تقسیم کاروں کی جانکاری کو شیئر کریں۔
ڈرگ انسپکٹرز اور دیگر عہدیداروں کو ذخیرہ اندوزی، ذخیرے کی تصدیق، دوائی کی جانچ اور بلیک منی کو روکنے کے لیے موثر قدم اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ریاستوں کے ہیلتھ سیکریٹری اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ڈرگ انسپکٹر اس کا معائنہ کریں گے۔
وزارت نے کہا کہ کووڈ کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ملک میں گیارہ اپریل تک 11.08 لاکھ مریض زیر علاج ہیں اور یہ تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔اس سے کووڈ مریضوں کے علاج میں استعمال ہونے والے ریمڈےسیویر انجیکشن کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس کی مانگ میں اور اضافہ ہو سکتا ہے۔
وزارت نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ لائیسنسنگ سمجھوتے کے تحت سات بھارتی کمپنیاں انجیکشن کی پیداوار کر رہی ہیں۔ان کے پاس فی ماہ تقریبا 38.80 لاکھ اکائیوں کو بنانے کی صلاحیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سرکار نے حالات میں بہتری ہونے تک ریمڈے سیویر اور اس کی دوائی (اے پی آئی) کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔وزارت نے کہا کہ فارماسیوٹیکل محکمہ دوا کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے گھریلو مصنوعات کے ساتھ رابطے میں ہے۔
بھارت میں کورونا
ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 1 لاکھ 52 ہزار 879 نئے معاملے درج ہونے کے بعد مرکزی محکمہ صحت کی طرف سے جاری کئے گئے رپورٹ کے مطابق اتوار کو معاملوں کی تعداد بڑھ کر 1 کروڑ 33 لاکھ 58 ہزار 805 تجاوز کرچکی ہے۔وہیں اس درمیان کورونا سے 839 موت ہونے سے مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 1 لاکھ 69 ہزار 275 ہوگئی ہے۔
فعال معاملوں کی تعداد بڑھ کر 11 لاکھ 8 ہزار 87 ہونے کے بعد بھارت اب دنیا کا چوتھا کورونا متاثر ملک بن گیا ہے۔اسی درمیان 90 ہزار 584 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں، اس سے اب تک بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ 81 ہزار 443 ہوگئی ہے، جس سے بھارت کی صحتیابی کی شرح 90.44 فیصڈ ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے کہا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 1کروڑ 20 لاکھ 81 ہزار 443 نمونوں کا جانچ کیا گیا ہے۔اب تک ملک میں 25 کروڑ 66 لاکھ 26 ہزار 850 نمونوںکی جانچ کی جاچکی ہے۔وہیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 35 لاکھ 19 ہزار 987 لوگوں کو ٹیکہ لگانے کے بعد اب تک مجموعی طور پر 10 کروڑ 15 لاکھ 95 ہزار 147 لوگوں کو ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، اترپردیش، دہلی، کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ، مدھیہ پردیش، گجرات اور راجستھان جیسے ریاستوں میں کووڈ -19 کے نئے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔