کانگریس کے سینیئر رہنما احمد پٹیل کا آج صبح انتقال ہوگیا، وہ ایک مہینہ قبل کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد مسٹر پٹیل کو گرو گرام کے میدانتا ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
آج مسٹر پٹیل کے بیٹے فیصل پٹل نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کا انتقال آج صبح ساڑھے تین بجے ہوا، فیصل نے بتایا کہ ان کے والد ایک ماہ پہلے کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔
انہوں نے لوگوں سے کوروناوائرس کے انفیکشن سے بچاؤ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی کو ان کی طرح دکھ نہ سہنا پڑے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مسٹر پٹیل کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اپنا ایک ستون کھو دیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے احمد پٹیل کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ دکھ بھرا دن ہے۔ مسٹر احمد پٹیل کانگریس پارٹی کے ستون تھے'۔
انہوں نے کہا کہ 'پٹیل نے کانگریس میں ہی سانس لی، کانگریس کے لیے یہ جِئے اور بحران کے دور میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ وہ پارٹی کا اثاثہ تھے۔ ہم ان کو ہمیشہ یاد کریں گے۔ متاثرہ کنبے کے تئیں میری تعزیت'۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی ان کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'احمد جی بے حد سمجھدار اور تجربہ کار رہنما تھے۔ میں ان سے ہمیشہ غور و خوض کرتی اور ان کی صلاح لیا کرتی تھی۔ وہ ہمارے سچے دوست تھے۔ ان کے انتقال سے کانگریس کو گہرا نقصان ہوا ہے۔ بھگوان ان کی روح کو سکون دے'۔
کانگریس مواصلاتی محکمے کے سربراہ ہردیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ 'الفاظ نہیں ہیں، ہر چھوٹا بڑا، دوست، ساتھ، مخالف بھی ایک ہی نام سے احترام دیتے تھے'۔
انہوں نے کہا کہ 'احمد بھائی' وہ جنہوں نے ہمیشہ سچائی اور فرض نبھایا، وہ جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کو ہی خاندان مانا، وہ جنہوں نے ہمیشہ سیاسی لکیریں مٹا کر پارٹیوں پر چھاپ چھوڑی، اب بھی یقین نہیں آتا۔۔۔الوداع، احمد جی'۔
واضح رہے کہ مسٹر پٹیل کا آج صبح ساڑھے تین بجے انتقال ہوگیا، وہ قریب ایک ماہ پہلے کورونا پازیٹو پائے گئے تھے، جبکہ ان کی عمر 71 برس تھی، تاہم ان کی پیدائش 21 اگست 1949 میں ہوئی تھی۔
احمد پٹیل نے آٹھ بار پارلیمنٹ میں گجرات کی نمائندگی کی تاہم وہ تین بار (1977-1989) لوک سبھا کے رکن رہے جبکہ پانچ بار (1993 سے) راجیہ سبھا کے رکن رہے۔
1976 میں گجرات کے بہروچ ضلع میں بلدیاتی انتخاب میں کامیابی کے بعد انہوں نے کبھی بھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ اس کے بعد وہ کانگریس کے ریاستی و قومی سطح کے تمام بڑے عہدوں پر کام کرتے رہے۔