نئی دہلی: تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے اٹلی کے اپنے دورے میں وہاں کے کاروباریوں کو ہندوستان کے ساتھ کاروبار کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت سرمایہ کاری کے لیے دنیا کی سب سے قابل اعتماد منڈیوں میں سے ایک ہے اور یہاں بہت سارے مواقع ہیں۔گوئل کے پاس صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم اور ٹیکسٹائل کی وزارت کا چارج بھی ہے۔پیوش گوئل نے روم میں جمعرات کوکمپنیوں کے سی ای اوز کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک کھلی معیشت ہے اور اس کا عالمی رابطہ ہے۔ ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی بات چیت جاری ہے۔
پیوش گوئل نے کہا کہ ہندوستان-اٹلی شراکت داری کا مقصد بلند ہونا چاہئے کیونکہ اسے حال ہی میں اسٹریٹجک سطح کی شراکت داری کا درجہ دیا گیا ہے، اس کے لئے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ وزیر تجارت نے وہاں بتایا کہ کس طرح عالمی منڈیوں کے ساتھ ہندوستان کی تجارت بڑھ رہی ہے اور گزشتہ دو سال میں ملک کی کل برآمدات میں 55 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہندوستان میں تقریباً 700 اطالوی کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور یہ ہندوستان میں کاروبار قائم کرنے کا بہترین وقت ہے۔ وزیرموصوف نے کہا کہ ہندوستان کاروبار کرنے کے لیے مضبوط مستقبل کی پالیسیاں لے کر آئے گا، جس میں ضرورت کے مطابق پچھلی تاریخ سے موثر اصلاحات کی جاسکتی ہیں۔
اٹلی کے نائب وزیر اعظم اور وزیر تجارت انٹونیو تجانی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کا ایک اچھا راستہ بنانے اور اس پر مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کی اکائیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔روم میں سی ای او بزنس انٹریکٹو سیشن کا اہتمام کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) اورکانفنڈسٹریا کے تعاون سے روم، اٹلی میں ہندوستان کے سفارت خانے کے ذریعہ کیاگیاتھا۔ اس سیشن میں ہندوستانی اور اطالوی کمپنیوں کے 70 سے زیادہ سی ای اوز نے شرکت کی۔
یو این آئی