وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیڈے سوگا سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
وزیراعظم کے دفتر نے پیر کو ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے ممالک میں کووڈ کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے تناظر میں مختلف علاقائی اور عالمی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے بھارت اور جاپان کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت کا ذکر کیا۔ دونوں ممالک کے مابین ضروری ساز وسامان کی ایک مکمل سپلائی چین، ٹکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے تبادلہ اور مہارت کی ترقی کے بارے میں بھی بات ہوئی۔
اس کے متعلق دونوں رہنماؤں نے خصوصی مہارت لیبر معاہدے پر جلد عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ممبئی- احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل پروجیکٹ کو دونوں ممالک کے مابین تعاون کی ایک بہترین مثال قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے کووڈ کی وبا کے دوران اپنے شہریوں کو ایک دوسرے کے ممالک میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور اسے مزید جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم نے اس وبا سے نمٹنے میں مدد کرنے پر جاپان کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صورت حال معمول پر آنے کے بعد وہ مستقبل قریب میں یوشی ہیڈے سوگا کا بھارت میں خیرمقدم کرنے کے خواہاں ہیں۔
(یو این آئی)