مشہور کامیڈین شیام رنگیلا نے جمعرات کو عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ عآپ کے راجستھان الیکشن انچارج ونے مشرا نے جے پور میں شیام رنگیلا کو پارٹی میں شامل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ "راجستھان کے مشہور کامیڈین شیام رنگیلا نے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی! شیام رنگیلا اپنے طنز و مزاح سے لوگوں کے اداس چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں۔ اب وہ عام آدمی پارٹی کے ساتھ مل کر تعلیم اور صحت کے میدان میں کام کریں گے۔ Shyam Rangeela joins AAP
شیام رنگیلا نے ٹویٹ کرکے کہا کہ راجستھان کو کام کی سیاست کی ضرورت ہے، اور میں کام کی سیاست اور عآپ کے ساتھ ہوں۔" شیام رنگیلا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اروند کیجریوال کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ دہلی میں وزیراعلی اروند کیجریوال جی سے ملنے کا موقع ملا، اس ناقابل فراموش ملاقات کے بعد آج ملک اور بیرون ملک میں موضوع بحث بنے یہاں کے سرکاری اسکول، محلہ کلینک اور ہسپتال دیکھنے جارہا ہوں۔
کامیڈین شیام رنگیلا پہلی بار 2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی نقل کرنے کی وجہ سے سرخیوں میں آئے تھے۔ ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ شیام رنگیلا کبھی کبھی وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی آواز نکال کر طرح طرح کے طنز کرتے رہتے ہیں۔
بتا دیں کہ راجستھان میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس سے پہلے عآپ نے جے پور میں ایک پریس کانفرنس کرکے یہ کہہ چکی ہے کہ وہ راجستھان انتخابات میں مضبوطی سے اترنے کی کوشش کرے گی۔ اس کے لیے ریاست میں تنظیم کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔