بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ دگ وجے سنگھ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کشمیری پنڈتوں کے مسائل سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کا جواب نہیں دینا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں اس سلسلے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب نہیں دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے۔
دگ وجے سنگھ نے خط میں ذکر کیا ہے کہ میں نے راجیہ سبھا میں محکمہ داخلہ سے ستارہ والا سوال نمبر 1528 پوچھا تھا، جس کا جواب 8 فروری 2023 کو ایوان میں دیا جانا تھا۔ مجھے یہ جان کر حیرت ہوئی کہ' کشمیری پنڈتوں کے مسائل' سے متعلق میرے سوال کو خفیہ نوعیت کا ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا ہے۔ اس خط کے ذریعے میں پارلیمنٹ میں پوچھے گئے اس سوال کا اعادہ کر رہا ہوں جس میں یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کشمیری پنڈتوں کے لئے میرے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں ایسا کیا راز تھا جو ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
دگ وجے سنگھ کے مطابق 'میرا سوال یہ تھا کہ وادی کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کے قتل کو روکنے کے لیے حکومت نے کیا اقدامات کئے ہیں؟ کیا حکومت نے کشمیری پنڈت ملازمین کی تنخواہ روک دی ہے کیوں کہ انہوں نے قتل خوف سے اپنی جگہ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا؟ اگر ہاں تو اس کی وجہ کیا ہے؟ کیا حکومت کشمیر کی ہندو آبادی کو وادی کشمیر سے باہر آباد کرنا چاہتی ہے؟'
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سوالات ہماری پارٹی کے سرکردہ لیڈر راہل گاندھی کے سامنے بھی بھارت جوڑو یاترا کے دوران اٹھائے گئے تھے۔ ہماری معلومات کے مطابق وہاں کے کشمیری ہندو کارکن خوف میں مبتلا ہیں اور انہیں حکومت کی طرف سے مناسب اور مؤثر یقین دہانی نہیں ملی ہے۔ اپنے خط میں دگ وجے سنگھ نے ذکر کیا کہ مجھے ان سوالات میں کچھ نظر نہیں آتا، جن کے جوابات سے قوم کے لئے خفیہ اہمیت کے حقائق سامنے آ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے جواب نہ دینے کی وجہ سے کشمیری پنڈتوں اور وہاں کی ہندو آبادی کو یہ پیغام جارہا ہے کہ حکومت صرف کشمیری پنڈتوں یا ہندوؤں کی بات کرتی ہے لیکن ان کی حفاظت کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔ اپنے خط میں دگ وجے سنگ نے درخواست کی ہے کہ وزیر داخلہ ان سوالات کے جوابات ذاتی طور پر بھیجنے کی زحمت کریں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیر داخلہ ان سوالوں کا جواب ضرور دیں گے۔ دگ وجے سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر کشمیری پنڈتوں پر کیے گئے سوالات کے جوابات مانگے ہے اور کہا ہے کہ میں وزیر داخلہ امت شاہ کے جواب کا انتظار کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: Farooq Abdullah on Kashmiri Pandit پنڈت کبھی بھی کشمیر نہیں آئیں گے، فاروق عبداللہ