مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست کے چار اضلاع مشرقی بردوان، مشرقی مدنی پور، پرولیا اور ہوڑہ میں سیلابی صورتحال کے لئے درگاپور دمدار کارپوریشن کو راست طور پر قصوروار قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے ڈی وی سی کو نہ صرف قصوروار قرار دیا ہے بلکہ ریاست کے چار اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے پر کارپوریشن سے معاوضہ حاصل کرنے کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کو خط بھی لکھا ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ سازش کے تحت بنگال میں سیلابی صورتحال پیدا کی گئی ہے اور اس کے لئے ڈی وی سی ہی ذمہ دار ہے. ڈی وی سی کے خلاف جب تک کارروائی نہیں کی جاتی تب تک کسی سے کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو اس ضمن میں خط لکھا گیا ہے۔ ان کے جواب کا انتظار ہے۔ اس کے بعد ہی آگے کی کارروائی کی جائے گی کیونکہ ڈی وی سی نے اب تک 5.5 لاکھ کیوزک پانی چھوڑ چکا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ چار لاکھ لوگ اس سے پوری طرح سے متاثر ہوئے ہیں اور کئی کروڑ روپے کے فصل کے تباہ و برباد ہونے کی اطلاع ہے۔
مزید پڑھیں:۔ بی جے پی کو ہرجگہ ہرائیں گے:ممتا بنرجی
واضح رہے کہ درگاپور بیریج سے سینکڑوں کیوزک پانی چھوڑے جانے کے سبب مشرقی بردوان، مشرقی مدنی پور، پرولیا اور ہوڑہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، ان اضلاع کے بیشتر علاقوں میں ندی کے پانی میں غرق ہو چکے ہیں۔ اس کی وجہ سے عام لوگوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینا پڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق غرقاب علاقوں کے باشندوں کو عرضی رہائشی کیمپ میں منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں کھانا اور پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ مدنی پور کے گھٹال میں گھروں میں ندی کا پانی داخل ہونے کی اطلاع ہے. گھر میں پانی داخل ہونے سے پلنگ سے ایک بچہ گر کر ہلاک ہو گیا۔