نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ملک کی آزادی کے امرت کال میں نوجوان نوکرشاہوں کے کردار کو سب سے بڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے چھوٹے اور بڑے فیصلوں کی بنیاد صرف اور صرف قومی مفاد ہونا چاہیے۔ انہیں یہ بھی ذہن میں رکھنا ہوگا کہ ٹیکس دینے والوں کا پیسہ صرف ملکی ترقی کے لیے استعمال ہو۔
آج یہاں 16ویں پبلک سروس ڈے پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پوری دنیا میں ہندوستان کا چرچا ہو رہا ہے اور ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ ہندوستان کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا، ''گزشتہ 9 برسوں میں ہندوستان آج جہاں پہنچ گیا ہے، اس نے ہمارے ملک کو بہت بڑی چھلانگ لگانے کے لیے تیار کیا ہے۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ ملک میں بیوروکریسی وہی ہے، افسران اور ملازمین وہی ہیں، لیکن نتائج بدل گئے ہیں۔ پچھلے 9 برسوں میں اگر ہندوستان عالمی سطح پر کسی خاص کردار میں آیا ہے تو اس میں آپ سب کا تعاون بہت اہم رہا ہے۔ پچھلے 9 برسوں میں اگر ملک کے غریب سے غریب کو بھی گڈ گورننس کا اعتماد ملا ہے تو اس میں بھی آپ کی محنت رنگ لائی ہے۔ اگر ہندوستان کی ترقی نے پچھلے 9 برسوں میں نئی رفتار حاصل کی ہے تو یہ بھی آپ کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ کورونا کی تباہی کے باوجود آج ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے۔
انہوں نے افسران سے کہا کہ ایسی صورتحال میں ہندوستان کی بیوروکریسی کو ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرنا چاہیے اور آپ کے ہر فیصلے کی بنیاد صرف قومی مفاد ہونا چاہیے۔ فیصلہ چھوٹا ہو یا بڑا، آپ کے لیے کسوٹی ملکی مفاد ہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’آج میں ہندوستان کی بیوروکریسی سے، ہندوستان کے ہر سرکاری ملازم سے، خواہ وہ ریاستی حکومت میں ہو یا مرکزی حکومت سے ایک درخواست کرنا چاہتا ہوں۔ ملک نے آپ پر بہت اعتماد کیا ہے، آپ کو ایک موقع دیا ہے، اس اعتماد کو قائم رکھیں اور کام کریں۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ میں آپ کی خدمت میں ہوں آپ کے فیصلوں کی بنیاد صرف اور صرف ملک کا مفاد ہونا چاہیے۔
یو این آئی