یہ عرس شہر کی معروف شخصیات کے تعاون سے کیا جارہا ہے یہاں بڑی تعداد میں عقیدت مند ہر سال عرس کے موقع پر حاضری دیتے ہیں۔
ریاست اترپردیش کے امروہہ میں سید شرف الدین رحمت ﷲ کے عرس کا افتتاح شہر کی معروف شخصیات کے تعاون سے شروع ہو گیا ہے۔ عرس کا افتتاح قرآن کی تلاوت سے ہوا۔
اسکے بعد مہمان قوالوں نے اپنے کلام سے عقیدت مندوں کی روح کو تازہ کیا۔ سید شرف الدین رحمتﷲ کی درگاہ بچھو والی درگاہ کے نام سے مشہور ہے اور یہاں دور دور سے عقیدت مند آتے ہیں۔
اس درگاہ میں ہر مذہب و ملت کے لوگ حاضری دیتے ہیں۔ یہاں پر ملک کی گنگا جمنی تہذیب کا نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ سید شرف الدینؒ کی ایک کرامت بیان کی جاتی ہے کہ یہاں درگاہ کے احاطہ میں سانپ یا بچھو کسی کو بھی نہیں کاٹتے۔
حالانکہ یہ دونوں ہی زہریلے جانور ہیں اور انسان کے دشمن ہوتے ہیں اور کاٹنا ان کی فطرت میں ہوتا ہے لیکن یہ دونوں موذی جانور درگاہ کے احاطہ میں کسی کو بھی نقصان نہیں پہنچاتے۔
اس درگاہ کے مجاور سید شرف الدینؒ کو امروہہ کے ولیوں کا سردار مانتے ہیں۔