آج جالندھر میں کورونا وائرس کا شکار ہوئے پروین شرما کی آخری رسومات کو روکنے کے لئے مقامی ہر نام داس پورہ کے باشندوں نے شمشان گھاٹ کی طرف جانے والے راستے کو روک کر مخالفت شروع کر دی ہے۔
موقع پر پہنچے ایس ڈی ایم اور دیگر اعلی حکام کی طرف سے لوگوں کو سمجھانے کی سبھی کوششیں ناکام رہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شمشان گھاٹ گنجان آبادی والے علاقے میں واقع ہے اور ایسے میں یہاں آخری رسومات ادا کرنے سے علاقے میں وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔
واضح ر ہے کہ کورونا وائرس کے خوف سے ریاست میں پہلے بھی دو ہلاک شدگان کے اہل خانہ نے لاشوں کی آخری رسومات ادا کرنے سے ہی انکار کر دیا تھا۔
اسی طرح شری دربار صاحب کے سابق راگی پدم شری نرمل سنگھ کی آخری رسومات کرنے میں بھی ضلع انتظامیہ کو خاصی مشقت کرنی پڑی تھی۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 89 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر افراد میں سے تقریبا تین لاکھ افراد ٹھیک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس سے پانچ ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں، جبکہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 169 ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثر افراد میں سے 478 ٹھیک ہو چکے ہیں۔