سپریم کورٹ نے جمعے کے روز کہا: 'ہم نے خود یکساں سول کوڈ بنانے کو کہا تھا، لیکن تاحال اس سلسلے میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔'
سپریم کورٹ نے یکساں سول کوڈ کے معاملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی طرف سے تاکید کے باوجود اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کوئی حتمی کوشش نہیں کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے اس معاملے پر تبصرے کے دوران ریاست گوا کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہاں یکساں سول کوڈ لاگو ہے۔
عدالت نے کہا کہ گوا میں کچھ خاص حقوق کی حفاظت کرتے ساتھ مذہب کی پرواہ کیے بغیر تمام افراد پر یکساں سول کوڈ لاگو ہوتا ہے۔
سپریم کورٹ نے جمعے کے روز جوسو پولو کوٹنہو بنام ماریہ لوئزا ویلیٹائن پیریرا کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔
دراصل بھارتی آئین میں یکساں سول کوڈ لانے بات کی گئی ہے۔ اس کے تحت شادی بیاہ، طلاق، وراثت اور گود لینے جیسے عائلی قوانین کو بلاتفریق مذہب و ملت یکساں بنانا ہے۔