سری لنکا وزیراعظم کی آمد پر گیا میں سیکوریٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
سری لنکا کے وزیراعظم مہنداراجپکشے دس فروری بروز پیر کو گیا ہوائی اڈے پر صبح دس بجے پہنچیں گے۔ یہاں سے وہ سیدھے بودھ گیا روانہ ہونگے۔
وہ مہابودھی مندر اور مقدس بودھی درخت کی زیارت کریں گے۔ یہاں سے وہ مہابودھی سوسائٹی آف انڈیا کی بودھ گیا شاخ جائیں گے۔ یہاں سری لنکا کے روایتی انداز میں ان کا استقبال کیا جائے گا اور بودھ بھکچھو ان کے اچھے مستقبل کے لئے دعاء کریں گے۔
مہندا راج پکشے وزیراعظم بننے کے بعد پہلی بار بودھ گیا دورہ پر آ رہے ہیں۔ مہابودھی سوسائٹی کی جانب سے ان کے ولہانہ استقبال کے لئے تیاری کی گئی ہے۔ سوسائٹی میں قریب نصف گھنٹے تک وزیراعظم ٹھہریں گے۔
سری لنکا کے وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر بودھ گیا اور اطراف میں سخت حفاظتی بندوبست کئے گئے ہیں۔ اتوار کو ضلع مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ، ایس ایس پی راجیو مشرا، سیٹی ایس پی راکیش کمار نے افسران اور مہابودھی سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ جائزہ لیا۔
افسران نے بودھ گیا انتظامیہ کو کئی ضروری ہدایات بھی دی۔ گیا ایس پی راکیش کمار نے کہا کہ مجسٹریٹ و پولیس افسران اور جوانوں کی تعیناتی حسب ضرورت کی گئی ہے۔ ٹرافیک میں تبدیلی کی گئی ہے، وزیراعظم کی حفاظت کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔