بھارتی فوج نے اس کی گشتی ٹیم میں شامل کچھ فوجیوں کو سرحد پر چینی فوج کے ذریعہ حراست میں لئے جانے کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'اس طرح کی غیر معتبر خبروں سے قومی مفادات کو نقصان پہنچتا ہے'۔
میڈیا میں آئی رپورٹز میں کہا گیا تھا کہ 'مشرقی لداخ میں پیگونگ جھیل کے نزدیک چینی فوجیوں نے بھارتی گشتی ٹیم کے جوانوں کو کچھ دیر کے لئے حراست میں لے لیا تھا اور ان کے ہتھیار بھی لے لئے تھے'۔
اطلاعات کے مطابق دونوں فوجیوں کے جوانوں کے درمیان پانچ اور چھ مئی کو اس علاقے میں معمولی جھڑپیں بھی ہوچکی ہیں۔
بھارتی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’'سرحد پر بھارتی فوجیوں کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ ہم اس طرح کے واقعہ کی واضح انداز میں تردید کرتے ہیں۔ جب میڈیا اس طرح کی غیر معتبر خبر شائع کرتی ہے تو اس سے صرف قومی مفادات کو نقصان ہوتا ہے'۔
واضح رہے کہ مشرقی لداخ کے اس علاقے میں دونوں فوجیوں کے درمیان گزشتہ کچھ دنوں سے تناؤ کی صورت حال ہے اور غیر معتبر خبروں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں جانب سے علاقے میں فوجی جمع ہورہے ہیں۔