ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے کورونا وائرس کے خطرے اور اس کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لئے جمعہ کو ریپو ریٹ اور کیش ریزرو تناسب (سی آر آر) میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
ریزرو بینک کے گورنر شكتی كانت داس نے جمعہ کو بتایا کہ آر بی آئی نے ریپو ریٹ میں 0.75 فیصد یعنی 75 بنیاد پوائنٹس کی کمی کی ہے, لاک ڈاؤن کے درمیان ہونے والی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں ریپو ریٹ کو 5.15 فیصد سے کم کرکے 4.4 فیصد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
آر بی آئی کے گورنر نے کہا کہ ریپو ریٹ میں کمی سے کورونا وائرس کی وبا کے معاشی اثرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی، ساتھ ہی ریورس ریپو ریٹ میں 90 بیس پوائنٹس یعنی 0.90 فیصد کمی کی گئی ہے۔
اس کے اعلان کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹیوٹ پیغام میں کہا کہ 'معیشت کو کورونا وائرس کے اثرات سے بچانے کے لئے آج آر بی آئی نے بڑے اقدامات کیے ہیں، ان اعلانات سے نقدکی پوزیشن کو بہتری آئے گی، سرمائے کی لاگت کم ہوگی اور درمیانے طبقے اور کاروباری اکائیوں کو مدد ملے گی'۔
مانا جا رہا ہے کہ پالیسی ساز شرح سود یا ریپو ریٹ کم ہونے سے بینک ہوم لون سمیت دیگر قرض کو سستا کر سکتے ہیں۔
حالانکہ سست معیشت کو تیز کرنے کے لئے ریزرو بینک نے پہلے ہی ریپو ریٹ میں کمی کر دی ہے اور بینکوں سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے صارفین تک اس کا فائدہ پہنچائے۔