تمام مظاہرین کا بس یہی مطالبہ ہے کہ وہ اپنے مطالبات کی حمایت میں جمے رہیں گے جب تک کہ حکومت اس سیاہ قانون کو واپس نہیں لے لیتی ہے۔
مطاہرے میں شریک خواتین سے جب پوچھا گیا کہ آپ کیوں یہاں پر شریک ہیں تو انہوں نے جذباتی ہو کر کہا کہ 'ہم این آر سی، این پی آر اور سی اے اے کی مخالفت کر نے آئے ہیں کیونکہ یہ قانون جہاں کچھ لوگوں کو شہریت دے رہا ہے وہیں یہاں بسنے والے کڑوڑوں باشندوں کی شہریت پر سوالیہ نشان لگانے کا کام کرے گا، ساتھ ہی یہ قانون ہمارے آئین کی روح کے بھی خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی صرف کہتے ہیں کہ این آر سی بات نہیں کی گئی ہے تو صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں اور وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں کیوں کہا کہ وہ این آر سی لائیں گے اور در اندازوں کو باہر بھگائیں گے، ابھی تک حکومت نے ہماری باتوں کو نہیں سنا ہے ہم یہاں چار دنوں سے بیٹھے ہیں اور اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔
ساتھی ہی انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت فرقہ وارانہ ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس طرح کا قانون لے کر آئی ہے اور اس کے ذریعہ بھارت کے تمام فرقوں کو آپس میں لڑانے کا کام کر رہی ہے اور مودی حکومت کو اس طرح کی قانون سازی سے باز آنا چاہیے۔
واضح رہے کہ مظاہرے میں شامل اور مظاہرے والے مقام سے گذررہے لوگوں کے درمیان چوڑا، دہی، سبزی، جلیبی وغیرہ بھی تقسیم کیے جارہے ہیں، یہاں بلا تفریق مذہب وملت تمام افراد کو لوگ دہی چوڑا سبزی جلیبی دے رہے ہیں جن کو کھانے کی خواہش ہوتی ہے وہ اسے لیتے ہیں اور شوق سے کھارہے ہیں۔
محلہ کے باشندوں بالخصوص پٹنہ کے سابق میئر افضل امام کو دیکھا گیا کہ وہ پوچھ پوچھ کر لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ آپ نے کھایا اور لوگوں کی جانب اشارہ کر رہے ہیں کہ انہیں دو۔ مظاہرے میں شامل لوگ نظم وضبط کے پابند بنانے میں لگے لوگوں کو راستے دیتے نظرآئے۔
واضح رہے کہ مطاہرے کے تیسرے روز مظاہرین کی ہمت افزائی کے لیے جے این یو کے سابق طلبأ یونین صدر اور مشہور امریکی جریدہ فوربس میگزین میں بارہواں مقام پانے والے کنہیا کمار بھی پہنچے تھے اور انہوں نے لوگوں کے ساتھ نعرے بازی کی اور مظاہرے میں موجود لوگوں کی ہمت افزائی کی۔
اس سے قبل مظاہرے میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات خطاب کرچکے ہیں جس میں سابق بہار اسمبلی اسپیکر ادئے نارائن چودھری سمیت متعدد رہنما بھی مظاہرین کی حوصلہ افزائی کے لیے پہنچے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔