حزب اختلاف نے "نوٹ بندی " کے تعلق سے ایک ویڈیو جاری کیا ہے۔ اس ویڈیو میں بی جے پی کے ایک رکن کو مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے نوٹ کو بدلتے ہوئے دکھایا گیاہے۔
ویڈیو کے تعلق سے یہ دعوی کیا گیا ہے کہ بی جے پی کا مبینہ کارکن تاجر سے مول تول کر رہا ہے اور یہ بتلانے کی کوشش کررہا ہے کہ اس کا منافع صرف اس کے پاس نہیں ہوتا، بلکہ اوپر تک جاتا ہے۔
اس ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ بی جے پی کا ایک مبینہ کارکن دوسرے تاجر پیشے کے ساتھ پرانے نوٹ کو بدلنے کے لیے مول تول کررہا ہے اور یہ کہ رہا ہے کہ 'یہ سب کمل کا کمال ہے'۔
اپوزیشن پارٹی کی پریس کانفرنس میں سینئر کانگریسی رہنما کپل سبل نے وزیراعظم نریندرمودی پر شدید طور نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کے وقت مودی چوکیداری کر رہے تھے یا چوری کروا رہے تھے؟
کپل سبل نے کہا کہ جب لاکھوں لوگ قطار میں کھڑے ہو کر اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکالنے کی کوشش کر رہے تھے تب بی جے پی کے لوگ نوٹ بدلنے کی تجارت میں لگے ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے یہ ویڈیو ایک نیوز ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کی ہے'۔
انہوں نے اس ویڈیو کی ذمہ داری نہیں لی لیکن انہوں نے کہا کہ 'اس ویڈیو کی بنیاد بنا کر پورے معاملے کی تفتیش کی جائے گی'۔
سبل نے مزید کہا کہ ہم اقتدار میں آئیں گے نوٹ بندی کی جانچ کروائیں گے۔