حیدرآباد کے علاقہ چندرائن گٹہ میں ایک شخص نے اپنی دو بہنوں کا قتل کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی۔ اس سے قبل وہ گھناؤنا جرم کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
چندرائن گٹہ پولیس نے بتایا ہے کہ 'ملزم کی شناخت احمد بن سالم باسمعیل کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کا پہلے سے ہی مجرمانہ ریکارڈ رہا ہے'۔
اطلاعات کے مطابق احمد بن سالم باسمعیل نامی 26 سالہ شادی شدہ شخص نے حیدرآباد میں واقع اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی ہے۔
پولیس کے بتایا ہے کہ 'اس شخص نے اپنی رہائش گاہ پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی ہے۔ اسے جنوری 2019 میں اپنی اہلیہ کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ ضمانت پر باہر آیا تھا'۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما کے ایم اے رشید نے کہا ہے کہ 'احمد بن سالم جو دوہرے قتل کے مقدمے میں ملزم تھا، آج اس نے خودکشی کرلی ہے'۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ پیر کو سالم نے اپنی دو بہنوں رضیہ بیگم (35 سالہ) اور ذکیرہ بیگم (45 سالہ ) کو بے دردی سے ہلاک کردیا۔ اسی دن اس نے اپنی چھوٹی بہن اور بہنوئی پر بھی حملہ کیا اور فرار ہوگیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جب ملزم اپنے ہی گھر میں موجود تھا تو پولیس نے کیوں تحقیقات نہیں کرائی؟ اس پر ایک پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ 'ہمیں ملزم کے فرار ہونے کی اطلاع تھی'۔
چندرائن گٹہ پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ 'مزید تحقیقات جاری ہے'۔