کانگریس پارٹی کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے سوال کیا کہ 'کیا جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کا استعفیٰ رضاکارانہ ہے یا انہیں اس کی ہدایت دی گئی'۔
انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'سوال یہ ہے کہ جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر نے اپنا استعفیٰ کیوں پیش کیا؟ یہ رضاکارانہ ہے یا کوئی ہدایت نامہ؟
ایک اور ٹویٹ میں کانگریسی رہنما نے کہا ہے کہ 'مجھے لگتا ہے کہ اس اقدام نے حکومت کی شرمندگی کو پس پست ڈال کر ایک بہت بڑا غلط کام کیا ہے'۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد گریش چندر مرمو کو جمعرات کے روز بھارت کا بطور کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل مقرر کیا گیا۔
جمعرات کو وزارت خزانہ کے ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مرمو کو صدر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے دن سے ہی سی اے جی مقرر کیا ہے۔ وہ ہفتے کے روز حلف لیں گے۔
مرمو نے راجیو مہریشی کی جگہ لی ہے جو رواں ہفتے اپنی میعاد پوری کریں گے۔
راشٹرپتی بھون کے ایک ریلیز کے مطابق صدر رام ناتھ کووند نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے مرمو کے استعفیٰ کو قبول کر لیا ہے۔
مرمو کو گذشتہ برس جموں و کشمیر کو مرکزی زیرانتظام علاقے میں تبدیل کرنے کے بعد جموں و کشمیر کا پہلا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا تھا۔