کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 77 سالہ لوئس ایلزبتھ گلک کو ان کی بے باک شاعری کے باعث رواں سال کا نوبل انعام دیا جا رہا ہے۔ اس سال بھی ایک ہی فرد کو ادب کا نوبل انعام دیا جا رہا ہے، گزشتہ سال بھی ایک ادیب کو نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔
نوبل کمیٹی نے لوئس گلک کی ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی شاعری سے انسانی وجود کی خوبصورتی آفاقی محسوس ہوتی ہے اور وہ اظہار کیلئے بے باک الفاظ کا انتخاب کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ لوئس گلک کو ان کی شاعری اور دیگر ادبی خدمات کے باعث متعدد عالمی ایوارڈز دیے جا چکے ہیں، انہوں نے امریکی حکومتی ایوارڈز سمیت یورپی و امریکی اعلیٰ ادبی ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔
لوئس گلک 1943 میں امریکی شہر ریاست نیویارک میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ ریاست میساچوٹس میں گزارا۔ لوئس گلک نے انگریزی، جرمن، سویڈش اور ہسپانوی زبان میں بھی کتابیں لکھی ہیں۔ انہوں نے شاعری سمیت ادب کی دیگر صنفوں میں بھی کامیاب طبع آزمائی کی۔
ان کی پہلی انگریزی کتاب 1965 میں شائع ہوئی اور مجموعی طور ان کی 20 کے قریب انگریزی کتابیں شائع ہوچکی ہیں، جب کہ ان کی تصانیف کے دیگر زبانوں میں تراجم بھی ہوئے۔
لوئس ایلزبتھ گلک نے سویڈنی، ہسپانوی اور جرمن زبان میں بھی ادب لکھا اور ان کی یورپی زبان کی تحریروں کو بھی بہت پسند کیا جاتا رہا ہے۔ سویڈن اکیڈمی نے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لوئیس کو ان کی بے مثال شاعرانہ انداز اور ان کے لازوال تخیل کے لیے نوبل انعام سے نوازا جا رہا ہے، جو خوبصورتی کے ساتھ ذاتی وجود کو جلا بخشتا ہے۔
اسٹاک ہوم میں سویڈن اکیڈمی کی مستقل سیکریٹری میٹس مالم نے اس انعام کا اعلان کیا۔ یہ ایوارڈ کئی برسوں کے تنازعہ اور ادبی ساکھ پر سامنے آنے والے اسکینڈل کے بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ نوبل انعام کی تاریخ میں سنہ 2018 میں نوبل انعام برائے ادب کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ اس ایوارڈ کو جنسی استحصال کے الزامات کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے ادب کے نوبل انعام کو موخر کردیا گیا تھا۔
نوبل فاؤنڈیشن کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے بعد اکیڈمی نے گزشتہ برس دو فاتحین کا اعلان کیا، جس میں سنہ 2018 کا نوبل انعام پولینڈ کی ادیبہ اور شاعرہ اولگا توکارچک کو دیا گیا اور سنہ 2019 کا نوبل انعام برائے ادب آسٹریا کے ڈرامہ نویس اور ناول نگار پیٹر ہانڈکے کو دیا گیا۔ پیٹر ہانڈکے کے انعام کا اعلان کرتے ہوئے میٹس مالم نے نوبل انعام یافتہ ادیب کے بارے میں کہا کہ ہانڈکے کی تحریریں انتہائی اثر انگیز ہیں اور انہوں نے آسان فہم انداز میں مخصوص انسانی تجربات کو بیان کیا ہے۔
واضح رہے کہ امن اور اقتصادیات کے نوبل انعامات کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔