اننت ناگ: منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف ایک اہم کارروائی میں، اننت ناگ پولیس نے خورشید احمد ڈار، ولد عبدالغنی ڈار، ساکن سٹکی پورہ بجبہاڑہ کے دو منزلہ رہائشی مکان کو ضبط کرلیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق 1 کنال اراضی پر بنائی گئی اور تقریباً 1 کروڑ مالیت کی جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت منسلک کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق گھر کا تعلق منشیات کی سمگلنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی سے ہے۔ ملزم پولیس اسٹیشن سری گفوارہ میں ایف آئی آر نمبر 47/2019 کے تحت درج منشیات کے ایک بڑے کیس میں ملوث ہے، جس میں کافی مقدار میں ممنوعہ اشیاء کی برآمدگی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق،سال 2024 کے دوران تقریباً 27 کروڑ مالیت کی جائیدادیں ضبط کی گئیں اور 185 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ جن میں 17 رہائشی مکانات، 9 دکانیں، 10 گاڑیاں اور 10,71,755 نقدی، 275 بینک کھاتوں میں 1.94 کروڑ روپے شامل ہیں۔ 13 ادویات کی میڈیکل شاپس کے لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دیے گئے۔۔
ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ، اس کارروائی کا مقصد مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنا اور معاشرے کو منشیات کے استعمال کے منفی اثرات سے بچانا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں ان کی کوششوں میں تعاون کریں اور منشیات سے متعلقہ جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کے عزم کا اعادہ کریں۔