علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا جواہر لال نہرو میڈیکل کالج مغربی ریاست اتر پردیش کا ایک بڑا اسپتال و کالج ہے جہاں پر نہ صرف علی گڑھ بلکہ آس پاس کے گاؤں دیہات اور اضلاع سے مریض خاصی تعداد میں علاج کے لئے آتے ہیں۔ جہاں پر اب تک ڈاکٹر کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے ایم بی بی ایس میں 150 طلبا و طالبات داخلہ لے کر ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کرتے تھے لیکن اب این ایم سی کے حکام کے معائنہ کے بعد ان کو بڑھاکر 150 سے 200 کردیا جائے گا۔
جس سے نہ صرف ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ دور دراز سے آنے والے غریب اور پریشان مریضوں کو علاج بھی جلد اور بآسانی ملے گا۔
امید کی جارہی ہے کہ اگلے سال سے سیٹوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ این ایم سی کے حکام کے معائنہ کے بعد نافذ کیا جائے گا۔
اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ "اب جب کہ کووڈ وبا نے صحت کے شعبہ میں اہل اور ہنرمند افراد کی مناسب تعداد ہونے کی ضرورت ایک بار پھر اجاگر کی ہے، یہ ضروری ہے کہ جے این ایم سی میں اور ملک کے دیگر میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں میں اضافہ ہو۔"
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ" طلبہ کہ تعداد میں اضافے کے لحاظ سے ہمارے پاس ایک بڑھا ہوا انفراسٹرکچر، اساتذہ کی معقول تعداد اور اسپتال کا مطلوبہ ڈھانچہ موجود ہے۔"
مزید پڑھیں:اے ایم یو وائس چانسلر نے تین کتابوں کا اجرا کیا
اے ایم یو کے ترجمان پروفیسر شافع قدوائی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا "اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں کی تعداد 150 سے بڑھاکر 200 کرنے کی درخواست کو نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی)، وزارت صحت و کنبہ بہبود، حکومت ہند نے قبول کرلیا ہے۔ جس کے بعد اب این ایم سی کے حکام کے معائنہ کے بعد اے ایم یو میں ایم بی بی ایس میں 150 سے بڑھاکر 200 سیٹ اگلے سال سے نافذ کردی جائے گی۔